Translate

جمعرات، 23 اکتوبر، 2014

طویل سفر کے بعد ایک خوشبو بھری ملاقات، مستنصر حسین تارڑ صاحب کے ساتھ


طویل سفر ؟ جی جناب میں نے ایک طویل سفر طے کیا ہے اُس شخصیت کے ساتھ جس سے ملاقات کا شرف حال ہی میں میسر آیا اور وہ شخصیت ہے ہمارے ملک کے مایہ ناز مصنف سفرنامہ نگار، کالمنسٹ، ناول نگار، ڈرامہ نویس، اداکار اور مارننگ شو کے بانی اور اینکر پرسن اور ٹریکر۔ ارے ارے یہ نہ سمجھئے گا کہ میں نے اتنے سارے لوگوں کا ذکر کر دیا ہے ۔ یہ تمام صفات ایک ہی شخصیت سے جُڑی ہیں اور وہ ہیں مستنصر حسین تارڑ۔

تارڑ صاحب کو ایک مصنف کی حیثیت میں تو بہت بعد میں جانا لیکن میرا اور مجھ جیسے بہت سے لوگوں کا سفر اُن کے ساتھ ٹی وی سے جڑا ہے۔  میرا یہ سفر' ایک حقیقت ایک فسانہ' سے شروع ہوا اور امجد کا کردار ایک آئیدیل کی صورت احتیار کر گیا۔ اُن دنوں والدین کی بھر پور ڈانٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے رات گئے تک اس سلسلے کو دیکھنے کے لئے جاگنا میرا پسندیدہ مشغلہ تھا اور اس کی وجہ صرف امجد کی باتیں سننا تھا۔ آہستہ آہستہ اس سفر میں وہ تمام ڈرامے شامل ہوئے جو  تارڑ صاحب نے لکھے یا جن میں انہوں نے کردار ادا کئے۔  اُن میں سے کچھ تو اتوار کی صبح کی نشریات میں نشرِ مکرر کی صورت دیکھے۔ ۱۹۸۸ میں جب تارڑ صاحب نے صبح کی نشریات کی میزبانی کا آغاز کیا تو میں روزانہ اسکول جانے سے پہلے  اُن کی مسکراہٹ  دیکھ کر اور اُن  کی آواز سن کر نکلتی تھی ۔ ارے یہ نہ سمجھئے گا کہ اُس وقت میں اسکول  میں پڑھنے والی ایک بچّی تھی۔  نہیں جناب اُس وقت میں  ۲۱ سال کی  ضرور تھی مگر ایک  شادی  شدہ  خاتون اور ایک بیٹی کی ماں  ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اُستانی بھی تھی  اس لئے صبح کی نشریات دیکھ کر اسکول جانا  میرا معمول تھا اور اس نشریات کے ذریعے تارڑ صاحب کا ساتھ   اُس وقت   تک  رہا جب تک انہوں نے اس نشریات کی میزبانی کی تقریباً سات سال تک  ۔  پہلے اکیلے دیکھا کرتی تھی اور پھر بیٹی کے ساتھ۔ٹی وی کا ساتھ شادی آن لائن کے وقت بھی رہا جس کو دیکھنے کے لئے بہت پاپڑ بیلنے پرتے اور بمشکل ہی ریمورٹ ہاتھ آتا۔ خیر یہ تو تھا ٹی      وی کا  سفر لیکن  اخبارِ جہاں میں اُن کے کالم باقائدگی سے پڑھنے شروع کئے۔ کوشش کے باوجود کتابوں تک رسائی ممکن نہ ہوئی ۔ میرا تعلق کسی بھی طرح  کے ادبی یا تعلیم یافتہ  گھرانے سے نہ تھا۔ والدہ کوکتابیں پڑھنے کا بے حد شوق تھا لیکن وہ بھی لائبریری سے لے کر پڑھنے کی حد تک اور جس لائبریری تک میری پہنچ تھی وہاں سب کچھ پڑھنے کو ملا مگر تارڑ صاحب کی کوئی کتاب میسر نہ آئی ۔عرصہ دراز تک اُن کی تصانیف سے محروم رہی۔آخر کار تارڑ صاحب کو   انٹرنیٹ  پر پڑھنا شروع کیا اور  سب سے پہلے ' پیار کا پہلا شہر' پڑھی جسے مسلسل تین بار پڑھا اور پھر یہ سلسلہ چل نکلا اور میں نے کئی کتابیں پڑھ ڈالی ۔  جن میں قربتِ مرگ میں محبت، غارِ حرا میں ایک رات، شمشال بے مشال، سفر شمال کے اور بہت کچھ اور اس وقت راکھ زیرِ مطالعہ ہے اور ساتھ ساتھ لاہور سے یارقند بھی۔

تارڑ صاحب کی کوئی بھی کتاب ہو وہ ناول ہو یا سفر نامہ  اس میں یہ خاصیت موجود ہے کہ وہ قاری کو اپنے سے باندھے رکھتی ہیں۔ جب تک مکمل نہ پڑھ لی جائےچین نہیں آتا ۔ اُن کے سفر نامے کی منظر کشی ایسی ہے کہ قاری کتاب ہاتھ میں لے کر اُن تمام جگہوں کی سیر کر لیتا ہے جس کے بارے میں تارڑ صاحب نے تحریر کیا ہے اور مدت تک اُن لفظوں کے سحر سے نہیں نکل پاتا ہے جو منظروں کی صورت نگاہوں میں گردش کرتے ہیں۔ ان سفر ناموں کو پڑھکر  لوگ اُن جگہوں کو دیکھنے نکل کھڑے ہوتے ہیں اور ایک نئی لذت سے آشنا ہوتے  ہیں  اور جن کے لئے سفر  کرنا ممکن نہیں ہوتا  وہ ان لفظوں میں خود کو ڈبو کر اس سفر کی لذت پا لیتے ہیں۔ابھی بھی تارڑ صاحب کو بہت کم پڑھا ہے لیکن سلسلہ جاری ہے اور جاری رہے گا ۔ انشاءاللہ

اسی دوران میں  فیس بک پر تارڑ صاحب کےگروپ میں شامل ہوئی جو 'مستنصر حسین تارڑ ریڈرز ورلد 'کے نام سے موجود ہیں اور پھر ایک نئی دنیا سے روشناس ہوئی۔ریڈرز ورلڈ کے بانی  محمد عاطف فرید ہیں اور ایڈمینز میں تہمینہ صابر ، سمیرا انجم ،جمیل عباسی ، نسرین غوری شامل ہیں ۔ یہی نہیں اس  گروپ کی خاص بات یہ ہےکہ اس میں تارڑ صاحب کی بیگم محترمہ میمونہ تارڑ  صاحبہ اور اُن کے بھائی مبشر حسین تارڑ صاحب  نہ صرف شامل ہے بلکہ تمام سرگرمیوں میں فعال کردار بھی ادا کرتے ہیں ۔ یہ ایک ایسی دنیا ہے جس  نے تارڑ صاحب سے عشق رکھنے والوں کا ملاپ کروایا اور نہ صرف یہ بلکہ تارڑ صاحب سے ملاقات کے سلسلہ کی بھی ابتداء کی۔ ہمارے معاشرے میں  عام لوگوں کے لئے کسی بھی سیلیبریٹی سےملاقات کا تصور یا تو ممکن ہی نہیں ہو پاتا ہے یا پھر اس کے لئے پاپڑ بیلنے پرتے ہیں ۔ عموماسیلیبریٹیز صرف بڑی بڑی تقریبات میں ہی جانا پسند کرتے ہیں اور عام لوگوں سے اُن کا رویہ کچھ قابلِ ذکر نہیں ہوتا ہے ۔ لیکن مستنصر حسین تارڑ  ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جن کو غرور چھو کر نہیں گزرا۔ وہ تمام پاکستا ن کے لوگوں کے چاچا جی ہے جو صبح کی نشریات میں اُن کو دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں اور اس نام سے پکارے جانے میں اُنہیں کوئی عار محسوس نہیں ہوتی۔
ریڈرز ورلڈ کی جانب سے پہلی ملاقات کا انتظام ۲۲ ستمبر ۲۰۱۲ کو لاہور جیمخانہ میں کیا گیا۔جس میں لوگوں کی بھر پور شرکت نے  تارڑ صاحب سے ان کی محبت کا منہ بولتا ثبوت دیا وہیں تارڑ صاحب کی مہربان  شخصیت نے لوگوں کے دلوں میں اُن کی قدر اور مقام کو اور بلند کردیا۔ اس کے بعد بھی ریڈرز ورلڈ کی جانب سے کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں تقریبات کا انعقاد  کیا گیا۔ لیکن کچھ ذاتی وجوہات کی بناء پر میں اس میں سے کسی میں بھی شرکت نہ کرپائی۔ان  تقریبات میں شریک نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ میں اپنے آپ کو اُس وقت تک تارڑ صاحب کی فین  تصور نہ کرتی تھی جب تک میرے بک شیلف میں انکی کتابیں موجود نہ تھی  اور میں اُن لوگوں کے سامنے اپنے آپ بہت ہی کمتر محسوس کرتی تھی جو تارڑ صاحب سےنہ صرف  نہایت عقیدت رکھتے ہیں اور اُن کی ہر کتاب خرید کر پڑھتے ہیں بلکہ اُنہیں اپنا مرشد مانتے ہیں۔ لیکن الحمداللہ آج میرے بک شیلف میں ان کی بہت سی کتابیں موجود ہیں اور اس میں روزبرو اضافہ ہو رہا ہے۔
 یکم مارچ ۲۰۱۴  کو یومِ مستنصر قرار دیا گیا اور اس سال تارڑ صاحب کی ۷۵  ویں سالگرہ کی تقریب کا بھی انعقاد ہوا۔سال ۲۰۱۴  کو تارڑ صاحب کا سال قرار دیا گیا ہے اور اس سال میں مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ بروز اتوار ۱۹ اکتوبر ۲۰۱۴ کو کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جو تارڑ صاحب کی نئی کتاب ' لاہور سے یارقند ' کی تقریبِ رونمائی تھی ایسی ہی ایک تقریب لا ہور میں بھی منعقد ہو چکی تھی ۔ اس تقریب میں شرکت کے لئے میں نے اپنے تمام کاموں کو پسِ پشت ڈال رکھا تھا  تاکہ اس میں شرکت ممکن ہو اور آخر کار میرا یہ خواب پورا ہوا اور مجھے تارڑصاحب سے ملنے کا موقع فراہم ہوا بلکہ بلمشافہ بات چیت کرنے اور کتاب پر دستخط کروانے کا موقع بھی فراہم ہوا جس کے لئے میں ریڈرز ورلڈ کی نہایت ممنون ہوں۔
یہ چونکہ میری تارڑ صاحب سے پہلی ملاقات تھی اور کسی ایسی تقریب میں شرکت کئے کافی عرصہ گزر چکا تھا اس لئے تھوڑی بہت گھبراہٹ بھی تھی ۔ شدید خواہش کے باوجود مائک لے کر وہ نظم جو میں نے تارڑ صاحب کے لئے لکھی تھی اُن کے سامنے پڑھنے کی ہمت نہ جُتا پائی ۔ حالانکہ تارڑ صاحب کا انداز نہایت مشفقانہ اور مہربان تھا اور وہ سب نہایت شگفتہ انداز میں بات چیت کر رہے تھے تقریب کا ماحول بلکل  گھر کی کسی تقریب جیسا تھا ۔ بہت سے لوگ ایسے بھی تھے جو تارڑ صاحب کی کتابوں کو پڑھ کر سفر کے لئے نکل کھڑے ہوئے تھے  اور اُن کے قدموں کے نشانات پر چلتے ہوئےاُن مقامات تک پہنچ چکے تھے جہاں ہم نے صرف تارڑ صاحب کے لفظوں کی صورت سفر کیا ہے۔ نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ دوستانہ ماحول میں تقریب  کا انعقاد  ریڈرز ورلڈ کی کامیابی اور تارڑ صاحب کی محبت کا واضح ثبوت پیش کرتی ہیں۔
بُک سائننگ کے وقت تک میں اپنی ہمت مجتمع کر چکی تھی اور اُس وقت تارڑ صاحب سے اچھے سے بات کرنے کا موقع ملا اور میں نے اُنہیں بتایا کہ میرا سفر آپ  کے ساتھ  'ایک حقیقت ایک فسانہ ' سے ہے ۔ میں نے آپ کی بہت زیادہ کتابیں نہیں پڑھی لیکن جو بھی پڑھی وہ کم از کم تین بار ضرور پڑھی۔ایک بات جو میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ جب کبھی زندگی میں تارڑ صاحب سے ملاقات کا موقع نصیب ہوا تو اُن سے ضرور کہوں گی اللہ کے فضل سے وہ کہہ پائی کہ " سر آپ کے سفر ناموں کو پڑھ کر، آپ کے لفظوں کی روشنی میں بہت سے لوگ سفر کرتے ہیں اور اُن منزلوں تک پہنچ کر سر شار ہوتے ہیں لیکن غارِ حرا میں ایک رات پڑھنے کے بعد سے میں محسوس کر رہی ہوں کہ ایسا سفر تو ممکن ہے مگر  وہاں  ایسا وقت گزارنا پھر شائد کسی کے لئے ممکن نہ ہو اس لئے یہ سفر تو صرف آپ کی اس کتاب کو پڑھ کر ہی کیا جاسکتا ہے ۔" اس پر تارڑ صاحب نے بھر پور مسکراہٹ کے ساتھ کہا ہاں یہ تو درست ہے  اور یہ ایک مسکراہٹ میرے لئے زندگی بھر کا سرمایہ بن گئی  کیونکہ اتنا طویل سفر میں نے صرف اس مسکراہٹ کے لئے ہی طے کیا تھا جسے میں نے صرف ٹی وی کے شیشے کے پیچھے سے یا بھر تصویروں میں ہی دیکھا تھا۔ یہ ملاقات میری زندگی کا ایک اہم پڑاؤ ہے جس کی یادیں تاحیات میرے ساتھ رہے گی  مگر اس میں ایک کمی سی رہ گئی جو کبھی نہ کبھی ضرور پوری ہوگی اور وہ ہے تارڑ صاحب کی بیگم میمونہ جی سے ملاقات۔کیونکہ تارڑ صاحب کی مسکراہٹ میمونہ جی کی مسکراہٹ کےبغیر ادھوری رہتی ہے۔ میں نے تارڑ صاحب سے اپنی زندگی میں دو نہایت اہم چیزیں سیکھی جس کا ذکر نہ کرنا کسی امانت میں خیانت کی طرح ہوگا۔
۱-چاہے وقت اور حالات کیسے بھی ہو ہمیشہ اس کا مقابلہ اپنے رب پر بھروسہ رکھتے ہوئے یقین  اور مسکراہٹ کے ساتھ کرنا اور اس بات پر یقین رکھنا کہ آپ کے نصیب میں جو کچھ لکھا ہے وہ ضرور ملے گا۔
۲-ہر چھوٹی یا بڑی خوشی  اور کامیابی کے لئے اپنے رب کا شکر گزار رہنا کبھی بھی کسی مقام پر غرور نہ کرنا اور اسے اپنے رب کا تحفہ سمجھنا نہ کہ اپنا حق اور اپنی خصوصیت۔
حرفِ آخر!
یہ تحریر خوشبو کے سفر کی زینت اس لئے بنی کہ میرا یہ سفر واقع ایک خوشبو کا سفر تھا جس کی منزل  ایسی خوشبوؤں میں رچی بسی تھی کہ اس کی مہک تاحیات میری ہمسفر رہے گی ۔
 ثمینہ طارق










جملہ حقوق بحقِ خوشبو کا سفر©محفوظ ہے۔






10 تبصرے:

  1. جوابات
    1. شکریہ عاطف یہ آپ کی بدولت ہی ممکن ہو پایا۔ ہم سب آپ کے بے حد ممنون ہیں کہ آپ نے نہ صرف اس گروپ کی بنیاد رکھی بلکہ سب کو ایک خاندان کی طرح باندھے رکھا۔ بہت سی دعائیں اپنے اس بھائی کے لئے ۔۔۔صدا خوش رہئے :)

      حذف کریں
  2. طویل سفر کے بعد ۔۔۔۔ لفظ کی خوشبو سے لمس کی مسکراہٹ کی عکاسی آپ نے بہت خوبی سے بلاگ کے کینوس پر بکھیری۔ تارڑ صاحب کے لفظ سے قربت کا میرا تعلق بھی برسوں پرانا ہے ۔ فطرت سے رومانس کا جو احساس جناب کے سفرناموں میں ملتا ہے وہ محبت کے جذبے کی آفاقیت پر یقین کی مہر ثبت کرتا ہے۔ محبت کی عام انسانی روش اور جبلی خواہشات کی غمازی کرتے لفظ "پیار کا پہلا شہر" کی جپسی میں یوں چپکے سے دل میں اتر جاتے ہیں کہ جیسے ہماری ہی کہی ان کہی ہو ۔ پھروقت کی گرد جب ہر چیز کی اصلیت سے آگاہ کرتی ہے تو " غارحرا میں ایک رات " اور
    " منہ ول کعبہ شریف" اس عشق کی پاکیزگی کی گواہی دہتے ہیں ۔ تارڑ صاحب کے لفظوں کی خوشبو ہمیشہ اپنے آس پاس محسوس کی۔ چاہے وہ شمالی علاقوں میں پہاڑوں کی نکھری شفاف مہک میں ملی یا پھر غار حرا کی بلندیوں کو پاؤں کا بوسہ دینے کی سعادت نصیب ہوئی ۔
    اور ہاں اس سال 2014 میں تارڑ صاحب سے چند لمحے کی ملاقات بھی ہوئی۔ لیکن اس سے پہلے بڑی دیر تک ان کے سامنے بیٹھ کر ان کے آس پاس "عقیدت مندوں "کو دیکھ دیکھ کر مسکراتی بھی رہی کہ " محبت کا جادو ہمیشہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔ اور اس میں عمر کی قید نہیں ۔ اور جب بات لفظ کی محبت کی ہو تو پھر زمان ومکان کے فاصلے بھی بےمعنی ہو جاتے ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بہت شکریہ نورین صاحبہ! آپ کے الفاط میرے لئے بہت قیمتی ہیں۔ بہت اچھا لگا کہ آپ میرے اس خوشبو کے سفر میں میری ہمسفر بنی :) صدا خوش رہئے

      حذف کریں
  3. بہت خوبسورت آپکے خوشبو کے سفر کی یہ خوشبو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. ہممممم اس خوشبو کو تو خوبصورت ہونا ہی ہے نہ۔ یہ جس پھول کی خوشبو ہے اس کی پتّی پتّی جڑی ہوئی ہے اور خوشبو میں رچی بسی ہے اور انہیں جوڑ کے رکھنے میں تمھارا ہی کمال اور حوصلہ ہے۔ شکریہ میری پیاری سی ایڈمن اتنی ساری خوشبوؤں سے روشناس کروانےکے لئے۔ جیتی رہو، خوش رہو :)

      حذف کریں
  4. تارڑ صاحب ان چند خوش قسمت پاکستانی لکھاریوں میں سے ہیں، جن کی آمدن کا ذریعہ ان کی کتابیں ہیں۔
    مجھے شک ہے کہ تارڑ صاحب شائد اتنے مقبول نہ ہوتے اگر وہ اپنے شروع کے سفرناموں میں اپنے مبینہ "یونانی" حُسن کے سبب پیش آنے والے قصے شامل نہ کرتے۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. بہت عمدہ ۔ ۔ ۔ کیاخوب خوشبو بھری روداد لکھی آپ نے ....... سدا خوش رہیں

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. خوشبو کے اس سفر میں شامل ہونے کے لئےآپ کی ممنون ہوں شکریہ!

      حذف کریں